کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پرویز مشرف ‘ چوہدری شجاعت اور ذوالفقار کھوسہ کی جانب سے تمام مسلم لیگی دھڑوں کو متحد کرنے کیلئے بیانات ‘ اعلانات اور کوششوں پر تبصرہ کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستا ن پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت ہے مگر اس بات میں بھی کوئی تضاد نہیں کہ قیام پاکستان کے ساتھ ہی اس ملک کا اقتدار اسی خالق جماعت کے سیاستدانوں کے پاس آیا اور آج تک ہے مگر ان سیاستدانوں نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کی بجائے ہمیشہ ذاتی مفادات کو ترجیح دی اور مفادات کیلئے باہم دست و گریباں رہے اور آج تک ہیں اسلئے مسلم لیگی دھڑوں کو متحدہ کرنے سے عوام کوکوئی ریلیف ملے گا اور نہ ہی۔
اس ملک کا مستقبل محفوظ و خوشحال تصور ہوگا اسلئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی مسلم لیگی دھڑوں کی بجائے محب وطنوں کو متحد کرنے کا آغاز کررہی ہے اور ہم پرویز مشرف ‘ چوہدری شجاعت ‘ ذوالفقار کھوسہ ‘ افتخار چوہدری سمیت ان تمام افراد کو اس اتحادمیں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں جو محب وطن ہیں اور اس ملک و قوم کو مضبوط ‘ مستحکم ‘ خوشحال اور رترقی یافتہ بنانے کیلئے اس ملک میں طبقاتی تضاد ‘ استحصال ‘ نا انصافی اور ظلم سے پاک مساوات وانصاف پر مبنی شراکتی نظام کے تحت ملک میں مقامی خود مختاری کے ذریعے عوام کو شراکت اقتدار و اختیار فراہم کرکے ملک و قوم کا حال و مستقبل محفوظ و خوشحال بنانا چاہتے ہیں۔