لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعة الدعوة حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ترکی میں دھماکے مسلم ممالک میں انتشار پیدا کرنے کی بین الاقوامی سازشوں کا حصہ ہیں۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کو منظم منصوبہ بندی کے تحت عدم استحکام سے دوچار کیا جا رہا ہے۔
داعش صلیبیوں و یہودیوں کی پیداوار ہے۔ پاکستانی قوم ترک بھائیوں کے دکھ درد اور غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ اور اس کے اتحادی طویل عرصہ سے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی جیسے اسلامی ممالک کیخلاف خوفناک سازشیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وہ کسی صورت انہیں مضبوط و مستحکم نہیں دیکھنا چاہتے یہی وجہ ہے کہ جب سے سعودی عرب کی قیادت میں 34ملکی اتحاد قائم ہوا ہے عالمی قوتوں نے مسلمان ملکوں کیخلاف سازشیں تیز کر دی ہیں اور بم دھماکوں، خودکش حملوں کے ذریعہ افراتفری پھیلانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ دفاع پاکستان کونسل کے قائدین نے کہا کہ پاکستان میں آپریشن ضرب عضب کے بعد دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ کر رہ گئی ہے۔
سعودی عرب میں بھی داعش کے فتنہ کو کچلنے میں زبردست کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ترکی میں بھی صلیبیوں و یہودیوں کی یہ سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی اور مسلمان ان شاءاللہ دنیا کی مضبوط قوت بن کر ابھریں گے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کو پوری دنیا پر بے نقاب کریں۔