لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں فوڈ اسٹریٹ دھماکے کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی گئی، دھماکے میں دو سے ڈھائی کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، سات افراد کو باقاعدہ گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ فوڈ اسٹریٹ میں اب بھی خوف کی فضا چھائی ہوئی ہے۔ گزشتہ شب پرانی انار کلی کی فوڈ اسٹریٹ میں بم دھماکے سب کو سوگوار کر گیا، فوڈ اسٹریٹ کے دکان دار اور ہوٹل مالکان اپنا کاروبار شروع کرنے سے بھی خوف زدہ، اتوار کے روز فوڈ اسٹریٹ سوگ میں بند رہی، چند ایک ہوٹلوں کے سوا کوئی دکان یا ریستوران کھلا نظر نہ آیا، ہوٹل مالکان نے شکوہ کیا کہ دھماکے کے بعد بھی اسٹریٹ میں سیکورٹی انتظامات پہلے جیسے ہی ہیں۔
دوسری جانب بم دھماکے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں دو سے ڈھائی کلو گرام بارود استعمال کیا گیا جو دیسی ساخت کا تھا، رپورٹ کے مطابق اس طرح کا بارود ماضی میں کریکر دھماکوں میں استعمال کیا جاتا رہا، دھماکے میں بال بیرنگ اور نٹ بولٹ استعمال نہیں کیے گئے، زیادہ تر افراد شیشے اور لوہے کے ٹکڑے لگنے سے ہلاک اور زخمی ہوئے۔