میرانشاہ، دھماکے سے ایک شخص جاں بحق، سرچ آپریشن میں دہشتگرد ہلاک، اسلحہ برآمد

Miranshah

Miranshah

ڈی آئی خان (جیوڈیسک) میرانشاہ بازار میں بم دھماکے سے ایک شخص جاں بحق دوسرا زخمی ہو گیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے نواحی گاؤں میں سیکورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران دہشت گرد ہاتھ میں دستی بم پھٹنے سے ہلاک ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق ریموٹ کنٹرول بم شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ میں مرکزی بازار میں نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے میں ایک شدت پسند ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کا تعلق پنجابی طالبان سے ہے، دھماکا انتہائی زوردار تھا جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے نواحی گاؤں میں سیکورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران دہشت گرد ہاتھ میں دستی بم پھٹنے سے ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہو گئے۔ گاؤں جباروالہ کی بستی جاوید نگر میں جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا۔ مزاحمت کے دوران ایک دہشت گرد نصیب اللہ اپنے ہی ہاتھ میں ہینڈ گرنیڈ پھٹنے سے ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز نے موقع سے 2 دستی بم، اسلحہ اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد کر لیں۔