ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف بن عبدالعزیز نے الاحساء گورنری کی ایک مسجد میں جمعہ کے روز ہونے والے دھماکوں کے بعد شہداء کی تعزیت اور زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شہزادہ محمد بن نایف الاحساء گورنری پہنچے جہاں انہوں نے جامع مسجد الرضا میں دھماکے میں شہید ہونے والے شہریوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ دلی ہمدردی و غم گساری کا اظہار کیا۔شہداء کے ورثاء سے ملاقات کے بعد ولی عہد نیشنل گارڈز کے شاہ عبدالعزیز میڈیکل کمپلیکس گئے جہاں انہوں نے مسجد الرضا میں دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی.
انہوں نے تمام زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات مہیا کرنے کی بھی ہدایت کی۔ شہزاد محمد نایف نے فرداً فرداً تمام زخمیوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔زخمی شہریوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے نتیجے میں شہید اور زخمی ہونے والے شہری ملک وقوم کے لیے سرمایہ فخرہیں۔
دہشت گرد اس طرح کی مذموم کارروائیوں سے ہمارے عزم کو شکست نہیں دے سکتے۔ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے ہمارے عزم میں ایسے واقعات مزید پختگی کا باعث بنتے ہیں۔