اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیرتجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایکسپو 2015 میں 1.3 ارب ڈالر کے ایم او یوز پر دستخط ہوئے جس کی بدولت ملکی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھے گی۔
پیر کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے ایکسپو پاکستان کا افتتاح کرکے برآمدات بڑھانے کے لیے حکومتی سنجیدگی کا عملی مظاہرہ کیا، ایکسپو 2015 پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی نمائش تھی جس میں 72 ممالک کے 1200 مندوبین نے شرکت کی اور پاکستانی مصنوعات کا جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایکسپو 2015 میں وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے خواتین کی مصنوعات کو نمایاں کیا جبکہ آئندہ نمائشوں میں ملک کے کم ترقی یافتہ علاقوں کی مصنوعات کو اجاگر کیا جائے گا تاکہ ان علاقوں کی مصنوعات کی برآمدات کی ترویج ہوسکے اور ملکی ترقی کے ثمرات کی مساویانہ تقسیم ہو۔
انھوں نے کہا کہ ایکسپو میں بین الاقوامی مندوبین کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ ملک کا بین الاقوامی تاثر تیزی سے بہتر ہو رہا ہے اور دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے مثبت نتائج ظاہر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ہر سطح پر پاکستانی صنعتکاروں اور برآمدکنندگان کو سہولتیں پہنچارہی ہے جس کی بدولت پاکستانی مصنوعات میں بین الاقوامی دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ انھوں نے کامیاب ایکسپو کے انعقاد پر ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی ٹیم کی محنت کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ منعقد ہونے والی ہر ایکسپو 2015 کی ایکسپو سے بڑی، منظم اور بہتر معاشی ثمرات کی حامل ہو گی۔