کراچی (جیوڈیسک) ایکسپو پاکستان نمائش غیرملکی مندوبین کی شرکت اور برآمدی آرڈرز کے نئے ریکارڈ قائم کرے گی۔ جمعرات 26 فروری سے کراچی ایکسپو سینٹر میں لگنے والی 4 روزہ نمائش سے 1 ارب ڈالر سے زائد کے برآمدی آرڈرز ملنے کی توقع ہے، نمائش میں دنیا کے 70 ملکوں سے 1 ہزار سے زائد غیر ملکی مندوبین شرکت کریں گے، ٹریڈ وزیٹرز کی تعداد 30 ہزار تک پہنچنے کی توقع ہے، وزیر اعظم نواز شریف پاکستان کی سرفہرست 12 ایکسپورٹ کمپنیوں کو ایکسپوٹ اینویشن ایوارڈ دیں گے۔
ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ایس ایم منیر اور سیکریٹری رابعہ جویری آغا نے گزشتہ روز ایکسپو پاکستان سے متعلق خصوصی پریس بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان کے موجودہ حالات غیرملکی خریداروں کے پاکستان آنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈال سکے، بین الاقوامی کمیونٹی پاکستانی حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں پر اعتماد کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانا چاہتی ہے جس کا اندازہ ایکسپو پاکستان نمائش میں غیرملکی مندوبین کی بڑے پیمانے پر شرکت سے کیا جاسکتا ہے، اب تک 789 غیرملکی مہمانوں کی آمد کنفرم ہوچکی ہے، مزید 300 سے 400 مہمانوں کی آمد کا شیڈول چند روز میں فائنل ہوجائے گا، نمائش میں 350 اسٹالز لگائے جارہے ہیں جس میں اعلیٰ معیار کی پاکستانی مصنوعات کی نمائش کی جائے گی۔
اس سال نمائش کی تھیم پاکستانی دستکاریاں (کرافٹس)، ہاتھ سے کے جانے والے منفرد کام ہیں۔ سی ای او ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی ایس ایم منیر نے بتایا کہ نمائش کا افتتاح وزیر اعظم پاکستان کریں گے جبکہ نمائش کے پہلے روز وزیر اعظم 2 گھنٹے تک ایکسپو سینٹر میں موجود رہیں گے، وفاقی وزیر تجارت اور وزیر خزانہ نمائش میں شرکت کے علاوہ ایف پی سی سی آئی میں تاجروں سے ملاقاتیں کریں گے، نمائش میں شریک غیرملکی مہمانوں کے اعزاز میں گورنر ہاؤس میں خصوصی عشائیہ دیا جائے گا جس میں وفاقی وزیر خزانہ مہمان خصوصی ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ نمائش گاہ، مندوبین اور غیرملکی مہمانوں کی سیکیورٹی کے لیے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر خصوصی حکمت عملی وضع کی گئی ہے، مہمانوں کو ایئرپورٹ سے ہوٹل اور ہوٹل سے ایکسپو تک مکمل سیکیورٹی اور سہولت فراہم کی جائے گی، اس مقصد کے لیے 75 افسران کو تعینات کیا گیا ہے، ہر افسر ایک وفد کے ساتھ رہنمائی اور سہولت کے لیے مقرر ہوگا، نمائش کے پہلے 2 روز ٹریڈ وزیٹرز کے لیے مخصوص ہوں گے، آخری 2 روز میں عوام بھی شرکت کرسکیں گے، اس سال عوام کی شرکت کا اندازہ 2 لاکھ افراد تک لگایا گیا ہے۔
نمائش کے لیے چیمبر آف کامرس اور تجارتی انجمنوں کے ساتھ خواتین تاجروں کو بلامعاوضہ جگہ فراہم کی گئی ہے، خواتین تاجروں اور ہنرمندوں کے لیے 1 ہال مخصوص کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سیکریٹری ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی رابعہ جویری آغا نے بتایا کہ نمائش پر 14 کروڑ روپے کے اخراجات کا اندازہ لگایا گیا ہے اور پوری کوشش ہے کہ اخراجات گزشتہ سال کی طرح تخمینے سے کم رکھے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال کی تھیم پاکستانی کرافٹ ہیں، گزشتہ ایونٹ کی تھیم ٹرک آرٹ تھی، ایکسپو پاکستان نمائش پاکستانی مصنوعات کے ساتھ کلچر کو بھی فروغ دینے کا سبب بن رہی ہے۔
گزشتہ سال نمائش میں خصوصی طور پر آراستہ کرکے رکھے گئے رکشے تک غیر ملکی مہمان خرید کر لے گئے تھے، نمائش میں غیرملکی مہمانوں کی آمد کے لیے کمرشل قونصلر کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں اور 10 یا اس سے زائد خریدار لانے والے کمرشل اتاشی کو ہی وفد کے ہمراہ پاکستان آنے کی اجازت دی گئی ہے، نمائش میں جاپان، سری لنکا، ہانگ کانگ، کوریا، ماریشس اور ویتنام کے علاوہ بھارت کے بھی بڑے تجارتی وفود شرکت کریں گے، بھارتی وفد 33 تاجروں پر مشتمل ہے، اس کے علاوہ دنیا کے بڑے چین اسٹورز کے اعلیٰ نمائندے بھی نمائش میں شرکت کریں گے۔