کراچی (جیوڈیسک) ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کی برآمدات اپریل میں 23 فیصد کے اضافے سے 34.806 ملین ڈالر رہیں جو کسی ایک ماہ میں سب سے زیادہ برآمدات ہیں۔ یہ بات ایکسپورٹ پراسیسنگ زون اتھارٹی کی چیئر پرسن رابعہ جویری آغا نے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ خان جتوئی کے ایف پی سی سی آئی کے دورے کے موقع پر بریفنگ میں بتائی۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیک ہولڈرز اور سرمایہ کاروں سے مل کر سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافے کی بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں جن کے نتائج آنے والے مہینوں میں سامنے آئیں گے۔ انہوں نے صنعتی شعبے کے مسائل کے حل کے لیے ایف پی سی سی آئی اور ایپزا کے مشترکہ فورم کی تجویز دی۔
وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی نے کہا کہ صنعتی پالیسی برآمدات کی بنیاد پر صنعتی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے بنائی جا رہی ہے، پالیسی کے ذریعے غربت میں کمی، زرمبادلہ کے حصول اور بڑے پیمانے پر روزگار کی فراہمی سمیت تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر معیشت کی بہتری کے اہداف حاصل کیے جائیں گے۔ ایف پی سی سی آئی کے اراکین نے ایپزا سے 20 فیصد مصنوعات پاکستان میں فروخت کیے جانے کی حد میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔