کراچی : کراچی ایکسپورٹ پروسنگ زون لانڈھی کے ایک 20 رکنی وفد نے محمد شریف کی قیادت میں آئے ہوئے ایک وفد نے سائبان سٹیزن کمیونٹی بورڈ کے چیئر مین عالم علی اور مجید کالونی (یوسی 4 کے چیئر مین) فیروز خان سے ملاقات کی۔ دوران ملاقات مزدوروں نے بتایا کہ زون کے ہزاروں محنت کشوں کی نوکری عذاب بن گئی ہے۔ لیبر قوانین کے مطابق نہ تو ہمیں تقریری لیٹر دیا جاتا ہے اور نہ ہی برطرفی کا کوئی نوٹس اور نہ ہی ہمارے کوئی اوقات کار کا تعین ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں بجائے چھٹی دینے کے ملازمت سے ہی برطرف کر دیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت ہمارے نزدیک اہم ترین مسئلہ ملازتوںکا تحفظ ہے ، محنت کش نے بتایا کہ ہماری ڈیوٹی کی کوئی ٹائمنگ نہیں ہے تنخواہ 7000/-(سات ہزار) دی جاتی ہے۔ اوور ٹائم کوئی نہیں ، مہینے میں ایک چھٹی کرنے پر تنخواہ کاٹ لی جاتی ہے اور صورتحال یہ ہے کہ روزگار پر ہوتے ہوئے بھی زون کے ملازمین بھوک افلاس اور انکے بچے جہالت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
دوران گفتگو کرتے ہوئے فیروز خان اور عالم علی نے کہا کہ سوشل سیکیورٹی EOBI محنت کشوں کا حق ہے اور یہ حق انکو دلانہ حکومت کی ذمہ داری میں شامل ہے۔فیروز خان نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ زون کے محنت کشوں کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ زون کے مزدوروں کی تنخواہ 14000/-ہزار دی جائے۔ زون کے ذمہ دار ہزاروں مزدوروں کی لسٹ فوری طور پرEOBIسوشل سیکیورٹی فراہم کرے تاکہ مزدوروں کو علاج معالجہ اور پینشن کی سہولیات میسر آ سکے۔