گوجرانوالہ (جیوڈیسک) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ حکومت برآمدات میں اضافے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔
اقتصادی صورتحال کی مزید بہتری اور معیشت کو عروج کی جانب گامزن کرنے کے لیے تجارت کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹیں ہٹائی جا رہی ہیں۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے اسمال انڈسٹریل اسٹیٹ نمبر 3 میں واقع ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے دورے کے موقع پر صنعت کاروں اور الاٹیز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )کی حکومت کو عوام نے ملک کی خوشحالی اور ترقی کا مینڈیٹ دیا ہے، حکومت نے پہلے سال میں اپنے اصلاحاتی ایجنڈے کو حتمی شکل دے کر درست سمت میں سفر کا آغاز کر دیا ہے جس کے ثمرات عوام کو بہت جلد منتقل ہوں گے۔
اس موقع پر صنعت کاروں اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے الاٹیز نے انہیں گیس، سیوریج اور انفرااسٹرکچر سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں حاجی شوکت جاوید، حاجی نذیر جموں والے، میاں فضل الرحمان، ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔