کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ شب برات سے قبل قبرستانوں کے اطراف صفائی وستھرائی اور بلدیاتی انتظامات کی بہتری کے ساتھ قبرستانوں کے اطراف قائم تجاوزات ،روکاٹیں اور دیواروں سے وال چاکنگ کا فوری خاتمہ یقینی بنا ئیں ،علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے عمل کو بہتر اور کچرا کنڈیوں کو رہائشی آبادیوں سے دور منتقل کرکے صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا یا جائے۔
ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی مسرور احمد میمن ،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلدیہ کورنگی رفیق شیخ ،ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ اسلم پرویز اور محکمہ انسداد تجاوزات کے ذمہ دران کے ہمراہ شاہ فیصل زون کے علاقے گرین ٹائون ،گولڈن ٹائون اور ملحقہ آبادیوں کا تفصیلی دورہ کرکے علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی اور بلدیاتی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔
رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ بلدیاتی افسران اپنے فرائض نہایت ذمہ داری کے ساتھ انجام دیتے ہوئے عوام کو درپیش مسائل سے چھٹکارہ دلائیں عوامی خدمات کی انجام دہی میں غفلت اور لاپراہی کا قطعہ مظاہرہ نہ کیا جائے شاہ فیصل کالونی کے متعدد علاقوں کو میں کچرا کنڈیوں سے کچرا نہ اُٹھا ئے جانے کے حوالے سے عوامی شکایات پر رکن صوبائی اسمبلی نے متعلقہ بلدیاتی افسران سے کہاکہ کچرا کنڈیوں کی عدم صفائی کی وجہ سے صحت مند ماحول کے حوالے سے شکایات کا ازالہ کیا جائے۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی مسرور احمد میمن نے کہاکہ بلدیہ کورنگی ضلعی حدود میں صفائی وستھرائی کے نظام میںاصلاحات کے ساتھ کچرا کنڈیوں دیکھ بھال کی مکمل نگرانی اور علاقائی سطح پر ماڈل کچرا کنڈیوں کی تعمیر کو یقینی بنا رہی ہے انہوں نے کہاکہ صفائی وستھرائی اور صحت مند ماحول کا قیام ہماری اولین ذمہ داری ہے جسے ہم نظر انداز نہیں کرسکتے۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی مسرور احمد میمن نے بلدیہ کورنگی کے شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زون کو ہدایت کی کہ شب برات کے حوالے سے قبرستانوں میں جاری بلدیاتی انتظامات کو مزید تیز کرکے شب برات سے قبل مکمل کیا جائے تاکہ شب برات کے موقع پر قبرستان آنے والے زائرین کو بلدیاتی سہولیات کے حوالے سے مثالی ماحول فراہم کیا جاسکے۔