کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان اور میونسپل کمشنر مسرور میمن کا ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلدیہ کورنگی رفیق شیخ کے ہمراہ شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زون کا تفصیلی دورہ کرکے صحت و صفائی اور تجاوزات کے خلاف جاری مہم کا معائنہ کرتے ہوئے ضلع کورنگی کے تمام زونز کو ہدایت کی کہ گلیوں اور محلوں کی سطح پر صفائی وستھرائی کے انتظامات کی بہتری اور کچرا کنڈیوں کی روزانہ کی بنیادوں پر صفائی کے بعد جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دینے کے حوالے سے اقدامات تیز کیئے جائیں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے کہاکہ عید الاضحی کے بعد صحت مند ماحول کے حوالے سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے اور صفائی وستھرائی کے حوالے سے عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کرنے کے لئے بلدیہ کورنگی ضلع بھر میں صفائی وستھرائی اور انسداد تجاوزات مہم چلائی جا رہی ہے۔
انشا اللہ عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی میں صفائی وستھرائی کے نظام کو بہتر بنا کر صحت مند ماحول کا قیام اور تجاوزات کا خاتمہ کرکے علاقائی خوبصورتی کو یقینی بنا یا جائے گا اس موقع پر میونسپل کمشنر مسرور میمن نے تمام زونز کو ہدایت کی ہے کہ عباد گاہوں ،فیملی پارکوں سمیت علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے عمل کو مکمل نگرانی میں انجام دیا جائے اور تمام علاقوں میں صحت مند ماحول کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا جائے۔
میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی مسرور میمن نے محکمہ سنیٹریشن کے عملے سے کہاکہ کوڑ کرکٹ پھیلانے اور کچرے کو آگ لگانے کے حوالے سے پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور مرتکب افراد و ادارے کے خلاف میونسپل قوانین کے تحت کاروائی عمل میں لاکر روک تھام کو یقینی بنایا جائے۔