کراچی (جیوڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے بھتے کی وصولی اور تاجر کو ہراساں کرنے کے خلاف دائر درخواست پرڈی جی رینجرز اوردیگر افسران کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے احمد شاہ کی درخواست کی سماعت کے موقع پر رینجرز افسران کی جانب سے کسی نمائندے کے پیش نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ اس درخواست میں رینجرز کے اعلیٰ حکام کیخلاف بھتے سمیت سنگین الزامات عائد ہیں لیکن وہ خود موجود ہیں اور نہ ہی ان کا کوئی وکیل موجود ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ رینجرز ونگ 53 کے کرنل مظہر، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس یعقوب، منظور اور جاوید درخواست گزار کی گاڑی کے سودے کو متنازع قرار دیکر اس سلسلے میں غیر متعلقہ فریق کار ڈیلر کو 23 لاکھ روپے ادا کرنے کیلیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ رینجرز افسران نے درخواست گزار پردباؤ ڈال کر25 جون کو 12 لاکھ روپے مالیت کا چیک نمبر 13201726 حاصل کیا جو اسی روز کیش کرالیا گیا۔
درخواست گزار احمد شاہ کا موقف ہے کہ وہ صاف ستھرے کردار کے ممتاز تاجر ہیں جو لکھنؤ، دہلی، اکبر کلاتھ مارکیٹس کی یونینز کے صدر ہیں اور ان کے 2بیٹوں کے خالد بن ولید روڈ پر نئی و پرانی کاروں کے شورومز تھے۔
درخواست گزار کے مطابق رینجرز حکام بعض ایسی مشکوک گاڑیوں کا سودا بھی ان کے بیٹوں کے ذمے ڈال رہے ہیں جن سے ان کا کوئی تعلق بھی نہیں لیکن رینجرز حکام وگو، امریکن گاڑی ٹینڈرا، ہنڈا سوک سمیت ایک کے بعد دوسری گاڑی کا حوالہ دیکر انھیں رینجرز آفس بلاتے ہیں اوردھمکیاں دیتے ہیں۔
کہ ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں خطرناک نتائج بھگتنا ہوں گے، عدالت نے مدعا علیہان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت پرکوئی سینئر رینجرز افسر پیش ہو کر وضاحت کرے بصورت دیگر عدالت دستیاب شواہد کی بنیادپر احکامات جاری کرے گی۔
علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس احمد علی ایم شیخ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے حساس ادارے کے ڈائریکٹرکے ملازمین کو غیر قانونی حراست میں رکھنے کے خلاف درخواست پر ایس ایچ او پاک کالونی اور تفتیشی افسر بوٹ بیسن کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔
مسمات شریفاں خاتون نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ اس کے بیٹے جاوید اور 4 کم سن بیٹوں کو حساس ادارے کے ڈائریکٹر وہاب شیخ نے ذاتی ملازمت کرنے سے انکار پر مختلف تھانوں میں غیر قانونی طور پر گرفتار کرادیا۔