راولپنڈی (جیوڈیسک) ملک کے بیشتر حصے شدید سردی کی لپیٹ میں آ گئے، نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا، شمالی علاقوں اور پہاڑوں پر برفباری کے بعد اسلام آباد میں درجہ حرارت منفی دو اعشاریہ سات ڈگری تک گر گیا۔
لاہور میں رات گئے ہلکی بارش کے بعد موسم مزید سرد، درجہ حرارت صفر تک گر گیا، ملک کے زیادہ تر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں،شمالی علاقوں اور پہاڑوں پر برفباری کے بعد اسلام آباد میں درجہ حرارت منفی دو اعشاریہ سات ڈگری تک گر گیا۔
لاہور اور اس کے گرد و نواح میں ہلکی بوندا باندی کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔بلوچستان میں خون جما دینے والی سردی پڑ رہی ہے، کوئٹہ میں کم از کم درجہ حرارت منفی 13، قلات میں منفی 15 ہو گیا۔ کچلاک، ہنہ اوڑک، سپین کاریز، دشت، مستونگ، مچھ اور دیگر علاقے بھی دھند میں گم ہیں۔
محکمہ موسمیات نے اگلے چند روز تک شمالی بلوچستان میں سردی کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں شمال مغربی سرد ہواؤں کا راج ہے، موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ سردی کی شدت مزید دو دن برقرار رہے گی، پشاور اور گردونواح میں آسمان پر بادل چھائے ہوئے ہیں جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مالاکنڈ ڈویژن، گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر بارش، پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، پشاور ڈویژن، کشمیر میں چند ایک مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔