لندن (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ طاقتور اداروں کے آئینی حدود سے تجاوز اور دیگر اداروں میں مداخلت کا تاثر جمہوریت کیلئے نیک شگون نہیں، کہتے ہیں شدت پسندی اور کرپشن کا خاتمہ خوش آئند ہے لیکن اس کیلئے آئین شکنی کا سہارا نہیں لینا چاہئے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے جمہوریت تمام اداروں کو آئین میں دی گئی حدود کے احترام کا مطالبہ کرتی ہے۔
قانون کی حکمرانی، اداروں کے آئینی حدود میں کام کرنے کا پابند بنانا اور شفاف، بلا امتیاز احتساب جمہوریت کے بنیادی جزو ہیں، سابق صدر کا کہنا ہے کہ جمہوریت کے دشمن مختلف لبادے اوڑھ کر آتے ہیں۔
ماضی میں نظریہ ضرورت کے نام پر جمہوریت پر شب خون مارا گیا اور نام نہاد لیگل فریم ورک آرڈر اور پی سی او جاری کیے گئے، آصف زرداری کا کہنا ہے کہ شدت پسندی اور کرپشن کے خاتمے کیلئے جنگ قابل ستائش ہے جسے پوری قوت سے جاری رہنا چاہئے۔