پاکستان (جیوڈیسک) امریکہ میں پاکستان کی سابق سفیر بیگم عابدہ حسین نے کہا ہے کہ انتہا پسندوں کے ساتھ گفتگو کر نا ناممکن ہے تاہم اگر اسکے باوجود حکومت اور عمران خان ان سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں تو طریقہ کار طے کر کے قوم کو بتائیں۔
بیگم عابدہ حسین نے ان خیالات کا اظہار لاہور پریس کلب کے پروگرام میٹ دا پریس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اندرون ملک انتہا پسندی پھیل رہی ہے جسکی بڑی وجہ ہمارے اداروں کی چشم پوشی ہے، انکا کہنا تھا کہ ایل او سی پر کافی عرصے بعد کشیدگی ہوئی ہے لیکن وہ امید کرتی ہیں کہ ستمبر میں جنرل اسمبلی کیسیشن کیدوران ہندوستان اور پاکستان کے وزراعظم کی ملاقات میں ماحول نارمل ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سول اور ملٹری اداروں کو مل کر دہشت گری کے ساتھ نمٹنا ہے اور اب ان اداروں کی تعمیر نو کی بجائے انہیں طاقتور کرنا ضروری ہے، بیگم عابدہ حسین نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا کیونکہ اگر پاکستان کو نقصان پہنچا تویہ خطے کے مفاد میں نہیں ہو گا، ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات پورے علاقے کے لیے پریشان کن ہیں۔