آنکھ دکھانے کے زمانے چلے گئے، نریندر مودی

Narendra Modi

Narendra Modi

نئی دہلی(جیوڈیسک) بی جے پی کے رہنما اور وزیر اعظم کے امیدوار نریندر مودی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ عزت کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، لڑنے کا فائدہ نہیں، ترقی کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔ انٹرویو میں نریندر مودی نے پاکستان کا نام لیے بغیر کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ پوری دنیا ایک خاندان کی طرح ہے۔

آنکھ دکھانے کا زمانہ چلا گیا۔ بی جے پی کے رہنما نے کہا اپنی حفاظت کیلئے طاقتور ہونا ضروری ہے نا کہ کسی کو دبانے کیلئے۔ وہ جنگ کی حمایت نہیں کرتے مگر عزت سے جینا چاہتے ہیں۔ نریندر مودی نے سابق بھارتی وزیراعظم اور بی جے پی کے رہنما اٹل بہاری واجپائی کی پالیسی پر عمل کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی جوہری ہتھیاروں کے استعمال میں پہل نہیں کریں گے۔

گجرات فسادات میں ان پر لگے الزامات کو ایک بار پھر رد کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ وہ عوام کی عدالت سے بھی سرخرو ہوچکے ہیں اور سپریم کورٹ سے بھی لیکن اب بھی اگر ان پر لگا ایک الزام بھی سچ ہوجائے تو انہیں بیچ چوراہے پر پھانسی دیدی جائے۔

گجرات فسادات کے بعد امریکا میں ان پر لگی پابندی اور خراب تعلقات پر مودی کا کہنا تھا کہ واشنگٹن سے اپنے ذاتی تعلقات کو ماضی کا حصہ بنا کر دلی کا مفاد سامنے رکھ کر بہتر تعلقات بنانا چاہوں گا۔