سکھر (جیوڈیسک) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ عزیر بلوچ ایک مطلوب شخص تھا جو گرفتار ہوگیا جب کہ میرا یا پیپلزپارٹی کا عزیر بلوچ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا یا پیپلزپارٹی کا عزیر بلوچ سے کوئی تعلق نہیں، عزیر بلوچ ایک مطلوب شخص تھا جو گرفتار ہو گیا، سیاسی لوگوں کی عزیر بلوچ کے ساتھ تصاویر پر کیا کہ سکتا ہوں، بہت سےلوگ ہمارے ساتھ فنکشن اور مختلف تقریبات میں سیلفیاں بناتے رہتے ہیں کیونکہ آج کل تو سیلفی کا رجحان ہی چل رہا ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ نوازشریف کی وطن واپسی خوشی کی بات ہے، وزیرا عظم کو ایوان میں آنا چاہیے اور ملکی حالات پر بریفنگ دینی چاہیئے لیکن حکومت کی غفلت جہاں نظرآئے گی سامنے رکھیں گے، اپوزیشن نے انسداددہشت گردی کےاقدامات پرحکومت کی مدد کی ہے۔ سیکیورٹی کے نام پرعوام کو ڈرانے کا کوئی فائدہ نہیں۔