اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد نئی حکومت نے ٹیکس نادہندگان کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وفاقی ٹیکس محتسب نے محصولات کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے نیشنل ڈیٹا ویئر ہاؤس استعمال کرنے کا اعلان کر دیا۔
ایف بی آر کے مطابق نیشنل ڈیٹا ویئر ہاؤس استعمال کرنے کا فیصلہ ٹیکس نیٹ میں اضافے کے لیے کیا گیا ہے۔ نیشنل ڈیٹا ویئر ہاؤس کے ذریعے ٹیکس نادہندگان کی نشاندہی کی جا سکے گی۔ ایف بی آر ٹیکس نہ دینے والے اِن افراد کو ٹیکس کے دائرے میں لائے گا۔ ٹیکس نادہندگان کا ڈیٹا اور تفصیلات ریجنل ٹیکس آفیسرز کو بھجوائی جائینگی جبکہ ٹیکس کمشنرز کے ذریعے نادہندگان کو نوٹسز بھی جاری کیے جائینگے۔
ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس کے دائرے میں لانے کے لئے صوبائی حکومتوں سے بھی مدد لی جائے گی۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق اس وقت ملک میں پینتیس لاکھ سے زیادہ امیر اور بااثر ٹیکس نادہنگان ہیں۔ ان افراد کا ڈیٹا نادرہ کے پاس موجود ہے جسے استعمال میں لایا جائے گا۔