عشرہ محرم کے دوران سٹی سرکل جھنگ میں 382 مجالس، 147 ماتمی جلوسوں کا انعقاد کیا جائے گا

جھنگ : ڈی ایس پی سٹی سرکل جھنگ حاجی غلام مصطفی پہوڑ نے کہا ہے کہ عشرہ محرم کے دوران سٹی سرکل جھنگ میں 382مجالس اور 147 ماتمی جلوسوں کاانعقاد کیا جائیگا جبکہ مذکورہ جلوسوں میں اے کیٹیگری کے 33، بی کے 29، سی کے 85جلوس شامل ہیں نیز حساس مقامات پر انسپکٹر ، سب انسپکٹر ، اے ایس آئی سمیت 23اہلکار تعینات ہوں گے علاوہ ازیں سٹی سرکل میں فوج کی 3کمپنیاں بھی پولیس کی مددکیلئے موجود رہیں گی۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے بتایاکہ یکم سے 10محرم الحرام تک نکالے جانیوالے سٹی سرکل کے 147 میں 40 لائسنسی اور 107 روائتی جلوس بھی شامل ہیں جن میں سے 33کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حساس مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کیلئے تمام ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہوئے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یکم سے 10محرم تک سٹی سرکل جھنگ سمیت ضلع بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے 24 گھنٹے تند ہی کے ساتھ یکسو رہیں گے ۔ انہوںنے بتایاکہ سٹی سرکل جھنگ میں 300 سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور کئے گئے ہیں جنہیں تین و اک تھرو گیٹس اور 50میٹل ڈیٹیکٹرز بھی فراہم کئے گئے ہیں تاکہ وہ حساس مقامات پر عوام الناس کی جامہ تلاشی کا عمل یقینی بناسکیں۔ انہوںنے بتایاکہ سٹی سرکل کے تمام تھانوں کے انچارجز و ایس ایچ اوز سمیت وہ خود لمحہ بہ لمحہ تمام مجالس اور جلوسوں کی نگرانی کریں گے نیز شیعہ مسلک کے علاوہ دیگر مسالک کے مذہبی و دینی اجتماعات و پروگرامات کو بھی بھر پور سکیورٹی کور فراہم کیا جائیگا۔

حاجی غلام مصطفی پہوڑ نے مزید بتایاکہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی بھی کڑی نگرانی شروع کر دی گئی ہے اور رہائشی ہوٹلز ، سرائے ، گیسٹ ہائوسز وغیرہ پر بھی نظر رکھی جارہی ہے تاکہ کوئی شر پسند ان مقامات پر قیام پذیر نہ ہوسکے ۔ انہوںنے کہاکہ عوا م الناس کو بھی چاہیے کہ وہ عشرہ محرم کے دوران امن وامان کی صورتحال قابو میں رکھنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں اور اخوت ، یگانگت ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی سمیت بھائی چارے کی فضا کو فروغ دیاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر کسی شخص کو کسی مشتبہ چیز ، فرد یا مشکوک سرگرمی کے بارے میں کوئی علم ہو تو فور ی طور پر اس کی اطلاع قریبی تھانہ ، ریسکیو 15 یا پولیس افسرا ن کے موبائل نمبر ز پر فراہم کی جائے۔