اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) کورونا کی تیسری لہر کے باعث پنجاب کے مختلف شہروں میں فیس ماسک کی طلب میں اضافہ ہو گیا ہے۔
کورونا کیسز بڑھنے کے باعث این سی او سی نے ملک بھر میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کا حکم جاری کیا ہے اور بطور احتیاط ماسک پہننے کو لازمی قرار دیا ہے۔
ماسک کی طلب میں اضافے کے باعث فیصل آباد کی چھوٹی چھوٹی فیکٹریوں میں ماسک بنانے والے مزدوروں کی تعداد بڑھنے لگی ہے جبکہ ماسک کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام مال کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔
خیال رہے کہ عالمی وبا کی تیسری لہر کے باعث پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3300 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 6 لاکھ 37 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔