نیپال (جیوڈیسک) میں چھ ہزار میٹر اونچے پہاڑ پر حادثے کا شکار ہونے والے ایک جغرافیہ کے پروفیسر کی جان سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ فیس بک کی وجہ سے بچ گئی۔ دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق چوالیس سالہ جان ایل کو چہرے، کندھے، کوہنی اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید چوٹیں آئی تھی جبکہ ان کی پانچ پسلیاں بھی ٹوٹ گئی تھیں۔
حادثے کے بعد انہوں نے اپنے فیس بک پر پیغام چھوڑا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ حادثے کا شکار ہوگئے ہیں اور گلوبل ریسکیو کو جلد ان کی مدد کے لیے بھیجا جائے۔ جان کی ٹیم پہلے ہی ان کا ساتھ چھوڑ چکی تھی جس کے بعد سوشل نیٹ ورک ہی ان کا واحد سہارا تھا۔
جان کے گروپ کے دیگر اراکین نے فوری طور پر ریسکیو حکام کو آگاہ کردیا اور حادثے کے 19 گھنٹے بعد انہیں بچالیا گیا۔ کھٹمنڈو کے ایک مقامی ہسپتال میں ان کا کہنا تھا کہ وہ موت کے بے حد قریب تھے اور بچالیے جانے پر بے انتہا خوش ہیں۔