مینیسوٹا (جیوڈیسک) بچے، جوان، مرد اور خواتین سبھی فیس بک کے دیوانے ہیں لیکن امریکا کی ایک خاتون نے سبھی کو پیچھے چھوڑ دیا اور 113 سال کی عمر میں فیس بک استعمال کرکے سب کو حیرت میں ڈال دیا تاہم زندگی نے انہیں صرف ایک سال ہی فیس بُک سے لطف اٹھانے کا موقع دیا اور وہ 114 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
امریکی ریاست مینیسوٹا کی رہائشی اینا سٹوئر نے جب فیس بُک پر اپنے سفر کا آغاز کیا تو انہوں نے اپنی عمر کے بارے میں غلط بیانی سے کام لیا کیونکہ ان کی پیدائش 1900 تھی جبکہ فیس بُک پر موجود آپشن میں 1905ء میں یا اس کے بعد پیدا ہونے والے ہی اپنی تاریخ پیدائش لکھ سکتے تھے۔
اینا نے اس بات کا انکشاف 4 ماہ قبل کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ جھوٹ اس لئے بولا کہ فیس بُک پر سائن اپ ہونے کے لئے اس کے علاوہ اس کے پاس کوئی چارہ نہیں تھا۔ ان کے 84 سال کے بیٹے ہارلین نے کہا کہ ان کی والدہ کو 114 ویں سالگرہ پر فیس بک کی جانب سے جو گلدستہ پیش کیا گیا اس میں 114 پھول لگائے گئے تھے۔