اسلام آباد (جیوڈیسک) فہد ملک قتل کیس میں مرکزی ملزم نعمان کھوکر کو گرفتار کر لیا گیا۔ نعمان کھوکر کو عبوری ضمانت منسوخ ہونے پر مقامی عدالت کے احاطے سے گرفتار کیا گیا۔
فہد ملک قتل کیس میں مرکزی ملزم نعمان کھوکھر کی درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد اسے احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا۔ فیصلہ سنانے کے بعد فاضل جج کی جانب سے سکیورٹی طلب کر لی گئی۔
سماعت کے موقع ایف ٹین حملے میں زخمی ہونے والے ملک طارق اور مرکزی ملزم نعمان کھوکھر عدالت میں پیش ہوئے۔ مدعی کے وکیل نے کہا کہ مقدمے میں انسداد دہشتگردی کی دفعات شامل ہوں تو ضمانت میں توسیع نہیں دی جا سکتی، مقدمہ انسداد دہشتگردی عدالت بھیجا جائے۔
عدالت نے عبوری ضمانت منسوخ کرنے کا فیصلہ سنایا تو ملزم کے وکلاء نے کہا کہ عدالت پر اعتماد نہیں ،مقدمہ دوسری عدالت میں منتقل کیا جائے ۔ فاضل جج نے کہا کہ فیصلہ ہو چکا اب نظر ثانی ممکن نہیں ۔ سماعت کے موقع پر اسلام آباد کچری میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات رہی۔