کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر کراچی چڑیا گھر فہیم خان نے چڑیا گھر میں سیکورٹی کے لئے پولیس کی نفری کی تعیناتی کے لئے خط لکھنے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی چڑیا گھر میں ایس ایچ او گارڈن امداد علی خواجہ نے ڈائریکٹر کراچی چڑیا گھر فہیم خان سے دوسرے دن بھی ملاقات کی اور چڑیا گھر میں آنے والے خواتین بچوں کی حفاظت کیلئے پولیس گشت میں اضافے کے ساتھ سادہ کپڑوں میں اہلکار بھی چڑیا گھر میں اب فرائض انجام دے رہے ہیں۔
ایس ایچ او گارڈن امداد علی خواجہ نے اس موقع پر صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہاکہ کراچی چڑیا گھر آنے والوں کو ہر ممکن سیکورٹی فراہم کریں گے جبکہ ڈائریکٹر کراچی چڑیا گھر فہیم خان کے مطابق کمشنر کراچی،ڈی آئی جی سائوتھ کو بھی ایک خط لکھا جارہا ہے جس میں 40ایکڑ سے زائد رقبے پر محیط کراچی چڑیا گھر میں ہفتہ اور اتوار کو 30سے 35ہزار افراد خصوصاً خواتین اور بچے آتے ہیں ان کی سیکورٹی کے لئے 25ریزرو پولیس اہلکاروں کو چڑیا گھر کے اندر اور داخلی راستوں پر تعینات کرنے کے لئے سیکورٹی فراہم کی جائے۔
جبکہ ڈائریکٹر کراچی چڑیا گھر فہیم خان نے بتا یا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی روشن علی شیخ نے فوری طور پر کراچی چڑیا گھر کے 4داخلی راستوں وال تھرو گیٹ اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے بھی احکامات جاری کردیئے ہیں تاکہ کراچی چڑیا گھر آنے والوںکو تمام تر سیکورٹی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔