کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے کہا ہے کہ شاہراہ فیصل پر صفائی وستھرائی اور بیوٹی فیکشن کے حوالے سے جاری انتظامات کو مزید تیز کرکے مستقل بنیاد پر شاہراہ فیصل کو صاف ستھرا اور سرسبز بنا یا جائے ،شاہراہ فیصل کے اطراف سروس روڈ سے تجاوزات ،کچرا کنڈیوں اور دیواروں سے وال چاکنگ کے خاتمے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ انتظامات کو بہتر بنا کر شاہراہ فیصل کو شہرکا مثالی شاہراہ بنا یا جائیگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر مسرور میمن ،شاہ فیصل زون کے فوکل پرسن اسلم پرویز اور دیگر افسران کے ہمراہ شاہ فیصل زون کی جانب سے شاہراہ فیصل پر صفائی وستھرائی ،سرسبز ماحول اور بیوٹی فیکشن کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر عبدالراشد خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شاہراہ فیصل پر صفائی وستھرائی کے انتظامات کو مستقل بنیادوں پر بہتر بنا نے کے ساتھ سروس روڈ سے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات ختم کرائے جائیں دیواروں سے وال چاکنگ اور بجلی کے پولوں سے بغیر اجاز ت لگائے گئے بینرز کا خاتمہ کیا جائے تاکہ شاہراہ کی خوبصورتی میں اضافہ کیاجاسکے شاہراہ فیصل پر مختلف مقامات پر صفائی وستھرائی کے حوالے سے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر عبدالراشد خان اور میونسپل کمشنر مسرور میمن نے ضلع کورنگی کے تمام زون کے ذمہ دران کو ہدایت کی کہ ضلع میں کوڑا کرکٹ پھیلانے ،اور اسے آگ لگانے درختوں اور پودوں کو کانٹنے جیسے اقدامات کی روک تھام کے لئے موثر اقداما ت کئے جائیں۔