فیصل آباد (جیوڈیسک) کے علاقے کھڑیانوالہ میں مسلم لیگ(ن) کے مقامی ایم پی اے کے ساتھیوں نے بھتہ نہ دینے پر ٹرانسپورٹرز پر فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر 3 افراد زخمی ہو گئے۔ ٹرانسپورٹرز نے احتجاجا کھڑیانوالہ روڈ بلاک کر دیا۔ فیصل آباد ٹرانسپورٹرز نے الزام لگایا کہ مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے شیعب ادریس ٹرانسپورٹرز سے بھتہ وصول کرتے ہیں۔ آج ان کے ساتھی بھتہ لینے آئے انکار کرنے پر ٹرانسپورٹرز پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے تین افراد مبشر، فہیم، اور شہزاد زخمی ہو گئے جس پر ٹرانسپوٹرز نے مشتعل ہو کر کھڑیانوالہ چوک کو بلاک کر دیا اور ٹائر جلا کر شدید نعرے لگائے۔ مظاہرین نے ڈنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مطالبات درج تھے۔ مظاہرین نے وزیراعلی پنجاب اور چیف جسٹس آف پاکستان سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے تین گھنٹے سے زائد لاہور شیخوپورہ روڈ کو بلاک کئے رکھا۔
احتجاج طویل ہوا لیکن پولیس مذاکرات کے لئے نہ آئی تو مشتعل مظاہرین نے تھانے کا گھیرا کیا۔ اندر جانے کی کوشش میں پولیس سے ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ مظاہرین نے پولیس سے فائرنگ کرنے والوں پر مقدمہ درج کرنے اور بھتہ مافیا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے مطالبات تسلیم کر لئے جس پر روڈ ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔