فیصل آباد(جیوڈیسک)فیصل آباد میں قومی اورصوبائی اسمبلی کے دوحلقوں میں آزاد امیدوارکی وفات کی وجہ سے الیکشن روک دئیے گئے ہیں۔آزاد امیدوار امجد ربانی دونوں حلقوں سے الیکشن لڑ رہے تھے۔ان حلقوں میں اب ضمنی الیکشن ہوں گے جس کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔پیپلزکالونی کے رہائشی47 سالہ میاں امجد ربانی دماغ کی موت دماغ کی شریان پھٹنے سے ہوئی۔
وہ این اے83 فیصل آباد نو اور پی پی 51 فیصل آباد دو حلقوں سے امیدوار تھے۔این اے 83 فیصل آباد شہر اور پی پی51 فیصل آباد ضلع کا دیہی حلقہ ہے۔ان حلقوں سے ن لیگ، پیپلز پارٹی اورتحریک انصاف تینوں جماعتوں کے امیدواروں میں کانٹے دار مقابلہ متوقع تھا۔
تینوں جماعتوں کے امیدوار اور ان کے حامی انتخابی مہم پر کروڑوں روپے خرچ کر چکے ہیں۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اب ان دونوں حلقوں میں ضمنی انتخابات ہوں گے جس کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کرانے کے شیڈول سمیت تمام مراحل دوبارہ طے کئے جائیں گے۔
ضمنی انتخابات وفاق اور صوبے میں حکومت سازی کا عمل مکمل ہونے کے ساٹھ دن کے اندر اندر ہونا لازمی ہیں۔تاہم این اے 75،پی پی 67 اور پی پی 68 میں شیڈول کے مطابق الیکشن کا عمل جاری رہے گا۔الیکشن سے چار روز قبل امیدوارکی اچانک وفات کی وجہ سے تمام تیاریاں دھری رہ گئی ہیں۔