کراچی (جیوڈیسک) فیصل قریشی ٹی وی دیکھنے والوں کیلئے جانا پہچانا چہرہ ہے۔فیصل قریشی نے ایک طرف تو اپنی منجھی ہوئی اداکاری سے دھاک بٹھائی تو دوسری طرف ٹی وی شوز کی میزبانی سے لوگوں کو اپنا گرویدہ بنایا۔
اب فیصل کے مداحوں کیلئے بڑی خبر یہ ہے کہ وہ ایک سمارٹ فون ا یپلی کیشن کے ذریعے اپنے فیورٹ سٹار کے ہر لمحے کی خبر رکھ سکیں گے۔ فیصل قریشی پاکستان کی پہلی شخصیت ہیں جو جلد اپنی سمارٹ فون ایپلی کیشن لانچ کرنے والے ہیں۔ ویسے تو دنیا بھر میں نامور شخصیات کی جانب سے اپنے نام کی ایپلی کیشن بنانے کا رواج عام ہے لیکن پاکستان میں یہ پہلی بار ہو گا۔
سمارٹ فون ایپلی کیشن کے ذریعے صرف ایک بٹن دبانے پر پرستاروں کو فیصل کے حالات زندگی، ان کے پروگرامز اور آنے والے پراجیکٹس کے بارے میں آگاہی مل سکے گی، اور تو اور فیصل کی زندگی میں جو بھی کچھ نیا ہو گا اس کا بھی ان کے مداحوں کو فوری طور پر ایک میسج کے ذریعے پتہ چل سکے گا۔ اس حوالے سے فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ ان کیلئے انکے پرستار بہت اہمیت رکھتے ہیں۔
اس ایپلی کیشن کے ذریعے پرستار میرے شوز کے نوٹی فکیشن حاصل کر سکیں گے اور میری سوشل میڈیا کی سرگرمیاں بھی براہ راست ان تک پہنچ جائیں گی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’’فیصل قریشی ایپ‘‘ بہت جلد تمام اینڈرائڈ فونز، ٹیبلٹس، آئی فونز اور آئی پیڈز پر دستیاب ہو گی۔