اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ فیصل واوڈا کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت دہری شہریت کے حامل تھے تو قانون کی رو سے نااہل ہوں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اگر فیصل واوڈا نااہل نہیں ہوئے تو آبی وسائل جیسی اہم وزارت تباہ کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فیصل واوڈا کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت دہری شہریت کے حامل تھے تو قانون کی رو سے نااہل ہوں گے، میری ہمشیرہ سعدیہ عباسی کو دہری شہریت پر ایک دن میں نااہل کیا گیا اور اپیل کا حق بھی نہیں دیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی دہری شہریت چھپانے پر نااہل قرار دینے کی پٹیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے۔
درخواست گزار کے مطابق فیصل واوڈا نے 11 جون کو کاغذات نامزدگی جمع کرائے جنہیں ریٹرننگ افسر نے 18 جون کو منظور کیا جب کہ امریکی شہریت ترک کرنے کی درخواست 22 جون کو جمع کرائی گئی۔
درخواست کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت فیصل واوڈا امریکی شہریت رکھتے تھے جسے انہوں نے جان بوجھ کر چھپایا۔