فیصل آباد: حکومت مخالف تحریک کا فائنل راونڈ شروع ہو گیا ہے:مفتی محمد سعید رضوی

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد ( محمد سعید) سنی اتحاد کونسل پنجاب کے جنرل سیکرٹری مفتی محمد سعید رضوی نے کہا ہے کہ سبز انقلاب کے نتیجے میں ہی حقیقی جمہوری نظام آئے گا اور اب انقلاب کے ریلے کو روکنا حکمرانوں کے بس میں نہیں رہا، حکومت مخالف تحریک کا فائنل راونڈ شروع ہو گیا ہے آزادی کے مہینے میں قوم کو نااہل حکمرانوں سے آزادی ملے گی حکومت کی شکست خوردہ ذہنیت کھل کر سامنے آ گئی ہے، ریاستی طاقت سے کسی کی آواز دبانا غیر جمہوری رویہ ہے۔

حکومت ظلم اور جبر کا آمرانہ رویہ چھوڑ دے۔ جلسے جلوس ہر جماعت کا جمہوری حق ہیں۔ پنجاب حکومت بوکھلا کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ حبیب جالب کی نظمیں پڑھنے والے ظلم کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں ۔ تخت لاہور اور تخت اسلام آباد پر فرعون براجمان ہیں۔ حکومت کو ڈنڈے کی سیاست مہنگی پڑے گی۔ پنجاب پولیس ایک مافیا بن چکی ہے۔

اب بھی وقت ہے حکومت ہوش میں آ جائے۔ تخت گرانے اور تاج اچھالنے کا وقت قریب ہے۔ حکومت ڈاکٹر طاہرالقادری کے خلاف انتقامی کارروائیوں سے باز رہے۔ طاہرالقادری کی یلغار سے حکمران راہِ فرار اختیار کرنے والے ہیں۔ طاہر القادری کی کوئی حیثیت نہیں تو حکمرانوں پر کپکپی کیوں طاری ہے۔ جمہوریت کے سب سے بڑے دشمن حکمران خود ہیں۔