فیصل آباد ، اسلحہ بر آمدگی کی تحقیقات جاری ، SHO کیخلاف مقدمہ درج

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد میں گاڑی سے برآمد ہونیوالے اسلحہ کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں، ایس ایچ او تھانہ غلام محمد آباد کے خلاف محکمانہ غفلت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے 4 روز قبل چیکنگ کے دوران نان کسٹم پیڈ گاڑی پکڑی تھی۔

جس میں سوار ظفراقبال نامی ملزم موقع سے فرارجبکہ عثمان نامی ایک ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیاہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے ایک نومنتخب رکن نے ایس ایچ او تھانہ غلام محمد آباد رانا آصف پر دباو ڈال کر ڈیل کے تحت ملزم عثمان کو چھڑوا لیا۔ طے یہ ہوا کہ ملزم کو چھوڑ دیا جائے گا۔

گاڑی ایس ایچ او صاحب رکھیں گے،جنہوں نے چار روز تک یہ گاڑی استعمال کی اورپھر دھلائی کے لئے ایس ایچ او راناآصف نے گاڑی سروس اسٹیشن پہنچائی ، جہاں گاڑی کے خفیہ خانوں میں بھاری تعداد میں اسلحے کی موجودگی کا انکشاف ہوا ، جس پر ایس ایچ او نے اعلی حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق سی پی او فیصل آباد رفعت مختار نے پیٹی بند بھائیوں کو بچانے کے لئے میڈیا بریفنگ کااہتمام کیا، جس میں اصل معاملہ دبانے کی کوشش کی گئی،میڈیا پر خبرنشر ہونے کے بعد آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیا اورایس ایچ او رانا آصف کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ قائم کرنے کا حکم دیا۔