فیصل آباد (جیوڈیسک) دنیا کے نرالے رنگ دیکھنے کے لئے آنکھیں قدرت کی بڑی نعمت ہیں اور دو نابینا بہنوں کی دنیا نیوز پر خبر چلنے کا وزیر اعلی نے نوٹس لیا اور پہلی مرتبہ ایک بچی نے دنیا کو اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ آمنہ اورعائشہ الائیڈ ہسپتال کے آئی وارڈ میں زیر علاج ہیں۔
پانچ روز قبل دنیا نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد جڑانوالہ کی ان پیدائشی نابینا بہنوں کو ہسپتال شفٹ کیا گیا تھا۔ اخراجات پنجاب حکومت نے برداشت کئے اور ڈاکٹرز نے کامیاب آپریشن کر ڈالا۔6 سالہ آمنہ تو پوری دنیا دیکھ سکتی ہے تاہم عائشہ کی بینائی بحال ہونے میں ابھی مزید امتحان باقی ہیں۔ آمنہ کا کہنا ہے کہ آج اس کی زندگی کا سب سے بڑا اور خوش نصیب دن ہے۔
بینائی آنے سے قبل دونوں بہنوں نے ماں، نانی اور والد کے پیار کو ہمیشہ لمس سے محسوس کیا تھا لیکن اب یہ پیار بھرے رشتے روپ دھارے سامنے کھڑے تھے۔ بالکل فلمی ماحول کی طرح ڈاکٹرز نے ان کی آنکھوں سے پٹی کھولی اور کہا اب آہستہ آہستہ آنکھیں کھولیں تو وہ دیکھ سکتی تھیں۔
بچیوں کی نانی کے لئے یہ لمحات ہمیشہ یادگار رہیں گے۔ آمنہ اور عائشہ کا باپ محنت کش ہے جس کے لئے علاج کا بار اٹھانا ناممکن تھا۔ ذرائع پر رپورٹ چلنے کے بعد حکومت نے علاج پر اٹھنے والے تقریبا تین لاکھ روپیکا خرچہ اپنے ذمہ لے لیا ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق آپریشن کے مراحل ابھی باقی ہیں اور بچیوں کو مزید ایک ہفتہ ہسپتال رکھنا ہو گا۔