فیصل آباد (جیوڈیسک) پولیس نے بچے کے ہاتھوں ماں کے مبینہ قتل کا معمہ چند گھنٹوں کی تفتیش میں ہی حل کرتے ہوئے مقتولہ کے شوہر کو گرفتار کر لیا۔
فیصل آباد کے تھانہ جھنگ بازار کی حدود کی رہائشی 26 سالہ حنا فاطمہ گھر میں ہی فائرنگ سے ہلاک ہو گئی تھی۔ مقتولہ کے شوہر رضوان نے پولیس کو بیان دیا کہ پستول لوڈ رکھی تھی کہ اذان نے کھلونا پستول سمجھ کر ماں پر تان کر گولی چلا دی۔ حنا فاطمہ کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔
پولیس نے شوہر کے بیان و حالات کے علاوہ تمام پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردیں اور چند گھنٹوں میں ہی معمہ حل کرلیا۔ پولیس کے مطابق شواہد کی روشنی میں رضوان سے مزید پوچھ گچھ کی گئی اور سارا معاملہ سامنے آگیا، رضوان نے اپنی بیوی کے قتل کا اعتراف کرلیا ہے جس کے بعد ملزم کو حراست میں لے کر ضابطے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔