فیصل آباد: سلنڈر کی دکان میں آتشزدگی سے تین افراد جھلس گئے

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد میں سلنڈر کی دکان میں ری فلنگ کے دوران آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے قریبی دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ لگنے سے تین افراد جھلس گئے جنہیں الائیڈ ہسپتال منتقل کیا گیا۔

آگ لگنے کے یہ مناظر تھانہ فیکڑی ایریا کے علاقے رحمانہ روڈ کے ہیں جہاں گیس کی غیر قانونی ری فلنگ کا کام عروج پر رہتا ہے۔ گیس ری فلنگ کے دوران دکان میں آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے قریبی دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ اس قدر زیادہ تھی کہ اس کے شعلے دور سے دیکھے جا سکتے تھے، آگ لگنے کے بعد قریبی گھروں اور دکانوں کو خالی کرا لیا گیا لیکن مشتعل عوام نے پولیس پر بھتہ لینے کا الزام لگایا۔

آگ لگنے کی اطلاع ریسکیو 1122 کو دی گئی تو فائر بریگیڈ بھی موقع پر پہنچ گئی۔ سلنڈر کو لگنے والی آگ سے وہاں موجود سلنڈر وقفے وقفے سے پھٹتے رہے جس پر ریسکیو ٹیموں کو محتاط رہنا پڑا اور ایک گھنٹے بعد آگ پر قابو پایا۔ آگ لگنے سے تین افراد بری طرح جھلس گئے جن کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔