فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد میں تحریک انصاف کے کارکن کے قتل کے الزام میں ایم این اے عابد شیر علی، سابق وزیر قانون رانا ثنااللہ، ان کے داماد شہریار احمد ، ڈی سی او نورالامین مینگل اور 300 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر فیصل آباد میں کارکن کی ہلاکت کے خلاف سمن آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے
مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ مقتول کے بھائی کی جانب سے دی گئی دوسری درخواست میں فائرنگ کرنے والے 5 افراد ندیم مغل، شہباز سراج، افتخار، ملک زاہد اور چینی اعوان کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس نے اس درخواست کو بھی ایف آئی آر کا حصہ بنالیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد ملزمان کو جلد گرفتار کرکے تفتیش کی جائے گی۔