فیصل آباد (جیوڈیسک) ڈسٹرکٹ جیل میں سزائے موت کے منتظر معذور قیدی عبدالباسط کی پھانسی پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔
سیشن جج فیصل آباد دلشاد ملک نے بتایا کہ عبدالباسط کی پھانسی پرعمل درآمد نہیں ہوا ہے کیونکہ پھانسی دینے کے لیے قیدی کو کھڑا ہونا چاہیے تاہم عبدالباسط معذور ہے۔
اس لئے اس کی پھانسی کو عارضی طور پر ملتوی کرتے ہوئے حکومت سے رائے لی جائے گی۔ جیل سپریٹینڈنٹ آئی جی جیل خانہ جات سے رابطہ کریں گے اور پھر سیکریٹری داخلہ تک اس معاملے کو پہنچایا جائے گا تاکہ پھانسی کی سزا پر عملدرآمد کا طریقہ کار معلوم کیا جاسکے۔
اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ نے عبدالباسط کی پھانسی رکوانے کی درخواست مسترد کردی تھی، درخواست میں عبدالباسط کے وکلا کا کہنا تھا کہ ان کا موکل عبدالباسط بیمار اور چلنے پھرنے سے قاصر ہیں۔
لہٰذا ان کی سزائے موت پر عمل درآمد نہ کیا جائے۔ جس پر جیل حکام نے عدالت کو بتایا تھا کہ وہ عبدالباسط کو ویل چیئر پر ہی پھانسی گھاٹ تک لے جائیں گے۔