فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد الائیڈ اسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے 5 بچوں کی ماں دم توڑ گئی، خاتون کے انتقال پر ورثا نے اسپتال میں توڑ پھوڑ کی۔ فیصل آباد کے علاقے سمن آباد کی رہائشی خاتون 3 روز قبل ماں بنی تھی، طبیعت خراب ہونے پر اسے الائیڈ اسپتال لایا گیا تھا۔
خاتون کو مبینہ طور پر کئی گھنٹوں تک طبی امداد نہیں دی گئی جس کے باعث اس کا انتقال ہوگیا۔ ورثا نے ڈاکٹروں پر غفلت کا الزام لگاتے ہوئے احتجاج کیا اور اسپتال کے شیشے توڑ ڈالے۔ ورثا نے ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کر دیا گیا۔