فیصل آباد (جیوڈیسک) اسسٹنٹ کمشنر سٹی شاہ رخ نیازی پولیس اور محکمہ صحت کے عملہ کے ہمراہ ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائی کر رہے تھے اور سدھو پورہ میں جعلی مشروب بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا۔
چھاپہ مار ٹیم نے فیکٹری مالکان سمیت چار افراد کو حراست میں لے کر فیکٹری سیل کرنے کی کوشش کی تو فیکٹری کے عملے نے اے سی سٹی پر حملہ کر دیا۔ ہاتھا پائی ہوئی اور اسسٹنٹ کمشنر کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
قریبی گھروں کے مکین جو اسی فیکٹری کے مالکان اور کارکنوں کے عزیز واقارب بتائے جاتے ہیں، چھتوں پر چڑھ گئے اور پتھر مارنا شروع کر دیے جس سے چار سرکاری اہلکار زخمی ہوئے۔ میڈیا نمائندوں کو بھی آدھے گھنٹے تک یرغمال رکھا گیا۔
پولیس کی مزید نفری طلب کئے جانے پر دوبارہ کارروائی ہوئی اور یرغمال افراد کو بازیاب کروایا گیا مگر پولیس حراست سے چھڑوائے جانے والے افراد گرفتار نہ ہو سکے۔ اے سی سٹی کے مطابق پولیس ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو چھاپے مار رہی ہے اور جلد ان کی گرفتاری عمل میں آ جائیگی۔