فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد میں برف کا چھوٹا سا ٹکڑا اٹھانے پر دس سالہ بچے کی جان لینے والے برف فروش کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ثاقب نامی بچہ شدید گرمی میں دس روپے کی برف خریدنے دکان پر گیا تھا، شدید گرمی میں بچے نے برف کا چھوٹا سا ٹکرا اٹھا کر منہ میں رکھ لیا جس پر برف فروش بپھر گیا اور برف کاٹنے والا موٹا سوا پھینک کر مارا جو ثاقب کے پیٹ پر لگا۔
بچے کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس نے دم توڑ دیا۔واقعے کے بعد ملزم شہباز فرار ہوگیا۔ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم شہباز کی تلاش شروع کردی اور بالآخر 12 گھنٹے بعد اسے گرفتار کر لیا۔