فیصل آباد میں دہشت گردی کی کوشش نا کام

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد (جیوڈیسک) میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کار سے تین خود کش جیکٹس، دستی بم اور دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا ، ملزم فرار ہوگئے۔ فیصل آباد میں پولیس نے دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی۔ غلام محمد آباد کے علاقے میں رات گئے پولیس نے ناکے پر ایک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تاہم ڈرائیور گاڑی بھگا لے گیا۔

پولیس کے تعاقب کرنے پر ملزم گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ پولیس کی تلاشی کے دوران گاڑی سے تین خود کش جیکٹس ،60 دستی بم، 4 کلاشنکوف ،20 میگزین ، واکی ٹاکی سیٹ ، گولیاں اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو مختلف علاقوں میں چھاپے مار رہی ہیں۔

سی پی او فیصل آباد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد شہر میں بڑے پیمانے پر کارروائی کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا تعلق تحریک طالبان سے ہوسکتا ہے تاہم اس حوالے سے ملزمان کی گرفتاری کے بعد حتمی رائے دی جاسکتی ہے۔