فیصل آباد: گیس پریشر میں کمی کے خلاف شہریوں کا احتجاج

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد میں گیس کی بندش اور پریشر میں کمی کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی اور سوئی گیس حکام کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ فیصل آباد کے جڑانوالہ روڈ پر جمع ہو کر سوئی گیس حکام کیخلاف نعرے بازی کرتے یہ لوگ فیصل آبادکے علاقے کھرڑیانوالہ کے رہائشی ہیں۔

مظاہرین کا الزام ہے کہ کئی ماہ سے ان کے گھروں میں گیس نہیں آ رہی۔ کبھی کبھار آ بھی جائے تو اس کا پریشر استعمال کے قابل نہیں ہوتا۔ گیس کی بندش سے تنگ آئے مظاہرین کا کہنا ہے کہ گیس تو آتی نہیں بھاری بھاری رقم بل ضرور آجاتے ہیں۔احتجاجی مظاہرے کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ احتجاج میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ محکمہ سوئی گیس نے گھروں کیلیے استعمال ہونے والی گیس پائپ لائینوں سے فیکٹریوں کو گیس دینا شروع کر دی ہے جس کی وجہ سے اس صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔