فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد کی ایک فیکٹری میں گیس چوری پکڑنے کیلئے آنے والے محکمہ سوئی گیس کے ملازمین خود فیکٹری کا سامان چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، مقدمہ درج کرکے 3 ملازمین کو گرفتار کر لیا گیا۔ فیصل آباد کے علاقے سدھار میں محکمہ سوئی گیس کے اینٹی تھیفٹ اسکواڈ نے ایک فیکٹری پر چھاپا مارا اور اسے سیل کردیا۔
فیکٹری میں گیس چوری کا ثبوت تو نہ مل سکا تاہم محکمہ سوئی گیس کے ملازمین نے فیکٹری سے قیمتی سامان غائب کرنا شروع کر دیا۔ فیکٹری کے ایک گارڈ کی نشاندہی پر محکمہ سوئی گیس کے 3 ملازمین کو پکڑ کر ان کے قبضے سے چوری شدہ سامان برآمد کر لیا گیا جس کے بعد انہیں پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس نے 3 ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔