وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) فیصل آباد میں حکمرانوں کے حواریوں نے خون کی ہولی کھیل کرنام نہاد جمہوریت کا پردہ چاک کر دیا ہے۔ پرامن احتجاج پر پتھر ڈنڈے اور گولیاں برسا کر اپنے اندر چھپی آمریت کو سامنے لایا گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف ملک میں امن وامان کے قیام کیلئے سڑکوں پر آئی ہے پولیس کی موجودگی میں اسلحہ کا استعمال ریاست کی ناکامی کا بڑا ثبوت ہے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف وزیر آباد کے رہنما احمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 115روز سے پی ٹی آئی پر امن احتجاج کے ذریعے دھاندلی زدہ حکومت سے نجات کی تحریک چلا رہی ہے جو گلو ازم کی سیاست کو کسی صورت ہضم نہیں ہو رہی۔
نام نہاد رہنمائوں نے قوم کو انتشار سے دوچار کرنا شرو ع کررکھا ہے قوم کے لیڈر نا صرف خود بلکہ اپنے گارڈوں اور گلوئوں کے ذریعے پرامن احتجاج کرنے والوں کو موت کے گھاٹ اتار رہے ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹائون کے مقتولین کو ابھی انصاف نہیں ملاورثاء کے زخم ابھی تک ہرے ہیں کہ فیصل آباد میں واقعہ کو دہرا کر انسانیت کی دھجیاں اڑا دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات میں ملوث ذہنیت پر قوم لعن طعن کرتے ہوئے مجرمان کے احتساب کا مطالبہ کر رہی ہے۔