فیصل آباد کی خبریں 9/6/2016

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد : انجمن تاجران منٹگمری بازار کے صدر حافظ طاہر جمیل میاں نے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومت نے عوام کیلئے اربوں روپے کے فنڈز سے جو رمضان پیکج دیا وہ اپنی مثال آپ ہے تاہم چند ناجائز منافع خور’ ذخیرہ اندوزوں نے مصنوعی مہنگائی پیدا کرکے جو لوٹ مار کا سلسلہ شروع کیا ہے وہ جلد رک جائے گااور مرغی کی قیمت بھی آج کل میں اعتدال پر آجائے گی’ اسسٹنٹ کمشنر سٹی بلاول ابڑو ان ناجائزمنافع خوروں کیخلاف فل ایکشن میں ہیں جو بھی ہاتھ لگ رہا ہے اسے کسی صورت بھی بخشا نہیں جائے گا’ انہوں نے کہا کہ ہر معاشرے میں چندکالی بھیڑیں ضرور ہوتی ہیں جو ملک و قوم کیلئے بدنامی کا باعث بن جاتی ہیں اسی طرح تاجروں میں بھی یہ کالی بھیڑیں موجود ہیں جن کا محاسبہ کیا جارہا ہے’ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک گناہوں سے بچنے اور نیکیاں سمیٹنے کا نادر موقع فراہم کرنیوالا بہترین اور مقدس مہینہ ہے’ اس مہینے ہمیں ازخود ہر چیز کی قیمت کم کردینی چاہیے کیونکہ یہ مسلمان کی شان ہے تاہم جو لوگ ناجائز منافع خوری اورذخیرہ اندوزی میں ملوث ہوتے ہیںوہ مسلمان تو کیا انسان کہلوانے کے بھی حقدار نہیں ہوتے اس لیے اگر ان کیخلاف کوئی کاروائی ہوتی ہے تو وہ تاجر جو دل میں اللہ کا ڈر رکھتے اور ان کا ایمان مضبوط ہے وہ کسی صورت بھی ایسے لوگوں کی حمایت نہیں کرے گا۔ ہم ضلعی انتظامیہ کو یقین دلاتے ہیں کہ ناجائز منافع خوروں کیخلاف ان کے ہر اقدام کی حمایت کی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

فیصل آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر اسد معظم نے کہا ہے کہ تحریک انصاف میں کسی قسم کے کوئی اختلافات ہیں نہ کوئی بغاوت ہوئی نہ ہو رہی ہے ‘خیبر پختونخوا کے پانچ اراکین اسمبلی کی وزیراعلیٰ پرویز خٹک کیخلاف بغاوت ایک سازش کا نتیجہ تھی جو کہ عمران خان کے نوٹس لینے پر ابتدائی مرحلے میں ہی ناکام ہوگئی ہے’ انہوں نے کہا کہ اس نام نہادبغاوت کے پیچھے بھی حکومتی ہاتھ ملوث ہے جو بہت جلد بے نقاب ہو جائے گا ‘ عرصہ تین برس سے چند لوگ کے پی کے میں فارورڈ بلاک بنانے کیلئے کوشاں ہے اس سلسلہ میں دو گورنر کو بھی ناکامی پر ہٹا دیاگیا ‘ تاہم تمام اراکین صوبائی اسمبلی ثابت قدم رہے اس ناکامی کو دیکھتے ہوئے اراکین قومی اسمبلی کو ہمنوا بنانے کی کوشش کی گئی جو ابتدائی طور پر کامیاب ہوتی نظر آئی تاہم قائد نے افہام و تفہیم کے ذریعے یہ معاملہ ہینڈل کرلیا۔ اسد معظم نے مزید کہا کہ تحریک اانصاف اس وقت سب سے بڑی اور انتہائی منظم سیاسی قوت بن چکی ہے اور لوگ انتہائی تیزی کیساتھ ہماری تحریک کا حصہ بن رہے ہیں’ وفاق سے منسلک کم از کم 55 کے قریب ایم این ایز رابطے میں ہیں اور ایک روز ایسا دھماکہ ہوگا کہ (ن) لیگ کے پائوں تے سے زمین نکل جائے گی اور یہ تنکا تنکا ہو جائے گی’ عوام تھوڑا انتظار کریں بہت جلد بڑی بڑی خوشخبریاں انہیں ملیں گی۔