فیصل آباد (جیوڈیسک) سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے چناب کلب چوک میں مفت ہیلمٹ کی تقیسم کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی سی پی او فیصل آباد تھے۔
ہیلمٹ کے حصول کے لیے لائنوں میں کھڑے شہریوں کے صبر کا پیمانہ تب لبریز ہوا جب افسران کی جانب سے چند من پسند لاگوں کو ہیلمٹ دیے گئے اور فوٹو سیشن مکمل کروانے کے بعد واپسی کا رخ کیا جانے لگا۔
شہریوں نے ہیلمٹ اسٹاک پر ہلہ بول دیا اور ہیلمٹ کے حصول کے لیے چھینا جہپٹی شروع ہو گئی۔ شرکاء ہیلمٹ حاصل کرنے کے لیے دھکم پیل بھی کرنے سمیت آپس میں الجھتے جھگڑتے بھی رہے۔ لائنوں میں لگے شہری بدنظمی کے باعث افسردہ نظر آئے اور کچھ تو پہلے سے ہی ناامید تھے کہ پتا نہیں ہیلمٹ ملے گا یہ نہیں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ مفت ہیلمٹ کے حصول کے لیے صبح سے ضروری دستاویزات ہاتھوں میں لیکر کھڑے ہیں کئی تو سی پی او صاحب کو اپنا لائسسنس دیکھا کر فری ہیلمٹ کی اپیل بھی کرتے رہے۔
موقع کی مناسبت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹریفک اہلکار نے بھی ہیلمٹ لیا اور چلتا بنا جب بد نظمی کا سی پی او فیصل آباد سے پو چھا تو ان کا کہنا تھا کہ ضلع کی آبادی بہت زیادہ ہے ہر کسی کو ہیلمٹ نہیں دے سکتے اور آئندہ بھی مفت ہیلمٹ تقسیم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
دھکم پیل کے باعث شہریوں سمیت ٹریفک وارڈن بھی زخمی ہو گیا اور انتظامیہ بے بس نظر آئی۔