فیصل آباد میں مکان کی چھت گر گئی، بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد میں مکان کی چھت گرنے سے ٹیوشن پڑھانے والی استانی، ان کی 4 بیٹیاں اور 2 ننھے طالب علم جاں بحق ہوگئے،فیصل آباد کے نواحی علاقے ٹھیکری والا میں ادریس نامی شخص کے مکان کی دوسری منزل کی چھت ڈالی جا رہی تھی کہ اچانک اس کا ملبہ پہلی منزل کی چھت پر آگرا۔ ملبہ گرنے سے پہلی منزل کی چھت بھی گر گئی۔

کمرے میں ٹیوشن پڑھانے والی حمیداں بی بی، اس کی 4 بیٹیاں، 16 سالہ شائستہ، 14 سالہ ثنا، 10 سالہ صبا اور 8 سالہ آمنہ کے ساتھ ساتھ ٹیوشن پڑھنے کیلیے آنے والے دو جڑواں بھائی 7 سالہ حماد اور بلال بھی جاں سے گذر گئے۔ اس افسوس ناک واقعے سے پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ لوگوں اور ریسکیو اہل کاروں نے ملبے سے لاشیں نکالنا شروع کیں تو پہلے سے سوگوار فضا میں ہر آنکھ نم ہوگئی۔حمیداں بی بی شوہر کی وفات کے بعد بچوں کو ٹیوشن پڑھا کر اپنا اور اپنی بیٹیوں کا پیٹ پال رہی تھی۔

بچوں کو پڑھانے میں اس کی 16 سال کی بیٹی شائستہ بھی اس کا ساتھ دیتی تھی۔اس المناک واقعے میں حمیداں بی بی کے گھر کے دو پھول ماہم اور بلال اس لیے بچ گئے کیونکہ سانحے کے وقت یہ گھر سے باہر کھیل رہے تھے، ان بچوں کی باقی ماندہ زندگی اب کیسے گذرے گی؟، اس سوال کا جواب کسی کو نہیں معلوم؟۔ یہ سوال ہمارے معاشرے کا امتحان ہے۔