فیصل آباد: مکان کی چھت گرنے سے پانچ بچوں سمیت سات افراد جاں بحق

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد میں زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے پانچ بچوں سمیت سات افراد جاں بحق اور تین مزدور زخمی ہو گئے۔ مرنے والوں میں چار بہنیں اور دو جڑواں بھائی بھی شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق ٹھیکریوالہ میں مکان کی دوسری منزل تعمیر کی جا رہی تھی۔ پہلی منزل پر گھر کی مالکہ حمیدہ بی بی اپنے اور محلے کے کچھ بچوں کو ٹیوشن پڑھا رہی تھی کہ اچانک اوپر والی منزل کی چھت گری اور پورا مکان زمین بوس ہو گیا۔ جس سے تمام لوگ ملبے تلے دب گئے۔

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ملبے سے زخمیوں کو نکالا تو حمیدہ بی بی، اسکی 17 سالہ بیٹی شائستہ، 14 سالہ بیٹی ثنا، 10 سالہ صبا اور 4 سالہ آمنہ دم توڑ چکی تھیں۔

جبکہ گھر میں ٹیوشن پڑھنے آئے دو 7 سالہ جڑواں بھائی احسن اور بلال بھی جاں بحق ہو گئے۔ اس افسوسناک واقعے پر علاقے میں سوگ کی فضا طاری ہو گئی۔ ریسکیو ٹیم کے مطابق 3 مزدور بھی اس حادثے میں زخمی ہوئے۔ جن کو الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔