فیصل آباد (جیوڈیسک) سیاسی رہنماؤں پر جوتا پھینکنے کا سلسلہ چل پڑا ہے، سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کے بعد عمران خان پر بھی جوتا پھینکنے کی کوشش کی گئی ہے۔
چئیرمین تحریک انصاف عمران خان پر جوتا پھینکنے کے الزام میں قابو کیا گیا شہری پولیس کے حوالہ کر دیا گیا ہے۔ رمضان نامی شہری نے عمران خان پر جوتا پھینکے کی کوشش کی تھی۔ تھانہ سول لائن پولیس نے رمضان کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف پر جوتا پھینکنے کے واقع کے بدلے میں عمران خان پر جوتا پھینکنے کی کوشش کی گئی۔
دوسری جانب فیصل آباد میں ممبر سازی مہم میں شہری کی جانب سے عمران خان کی گاڑی کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی گئی، پی ٹی آئی کارکنوں نے شہری کو پکڑ کر وہی درگت بنا دی۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے تھپڑوں کی بارش کرتے ہوئے شہری کو گاڑی میں بٹھا لیا۔