فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد میں انٹرویو کی تاریخ میں بار بار تبدیلی پر دل گرفتہ ہو کر دو خواتین امیدواروں نے پانی کی ٹینکی پر چڑھ کر احتجاج کیا جنہیں منت سماجت کے بعد نیچے اتارا گیا ۔ پہلے 2، پھر 12 ، آج پھر تاریخ تبدیل۔
یہ انٹرویو ہے یا مذاق جس کی تاریخ بار بار بدلی جاتی ہے لیکن اب احتجاج ہو گا ۔ یہ ٹھان لی ان دو خواتین امیدواروں نے ۔ ای ڈی او ہیلتھ آفس نے نرسنگ اسٹاف میں بھرتی کیلئے آنے والی امید وارں کو بتایا کہ انٹرویوز ملتوی ہو گئے ہیں جس کا نوٹس بھی باہر آویزاں کر دیا گیا تو دو خواتین امیدواروں نے ای ڈی او ہیلتھ کے آفس کے سامنے کارڈیالوجی سنٹر میں پانی کی ٹینکی پر چڑھ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کی ٹھان لی اور پھر کیا احتجاج شروع۔
ہسپتال کی انتظامیہ پہنچی اور دو سکیورٹی اہلکاروں کو اوپر بھیجا گیا۔ پاکپتن کی شہناز اور عارف والا کی عارفہ کا کہنا تھا احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا۔ پولیس اور ہسپتال کی انتظامیہ نے دونوِں کو نیچے اتارا اور مقدمہ درج کرنے کی دھمکی دی جس پر دونوں خواتین امیدوار وہاں سے روانہ ہو گئی۔